ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جموں و کشمیر: عمر عبداللہ کی ایل جی سے ملاقات، حکومت سازی کا دعویٰ پیش، حلف برداری کی ممکنہ تاریخ کا انکشاف

جموں و کشمیر: عمر عبداللہ کی ایل جی سے ملاقات، حکومت سازی کا دعویٰ پیش، حلف برداری کی ممکنہ تاریخ کا انکشاف

Sat, 12 Oct 2024 12:09:16    S.O. News Service

سری نگر، 12/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں انڈیا اتحاد کی کامیابی کے بعد حکومت سازی کی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے 11 اکتوبر کو راج بھون (ایل جی ہاؤس) میں لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں انڈیا اتحاد کے اراکین اسمبلی کی چٹھی پیش کرتے ہوئے حکومت سازی کا دعویٰ کیا۔ نیشنل کانفرنس نے اس ملاقات کی ایک تصویر بھی اپنے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔

راج بھون سے واپسی کے بعد عمر عبداللہ نے میڈیا سے بھی بات چیت کی۔ اس کی ویڈیو بھی نیشنل کانفرنس کے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی گئی ہے۔ اس میں وہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ ’’ابھی میں راج بھون سے واپس آیا ہوں۔ میں نے لیفٹیننٹ گورنر کو اپنے اتحاد کی چٹھی سونپ دی ہے۔ اس میں ہمارے ساتھ کانگریس، عآپ، سی پی آئی-ایم اور کئی آزاد اراکین اسمبلی نے بھی ہمیں اپنی حمایت دی ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’اگر ساری کارروائی ٹھیک طرح ہو جاتی ہے تو اگلے ہفتے بدھ کو حلف برداری تقریب ہوگی۔‘‘

عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے جلد از جلد حلف برداری کی تاریخ طے کرنے کی گزارش کی ہے۔ نیشنل کانفرنس لیڈر کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں جلد حلف برداری ہو تاکہ عوام کی منتخب حکومت اپنا کام سنبھال سکے۔ حالانکہ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حلف برداری سے قبل کچھ ایسی کارروائیاں ہوتی ہیں جس میں کچھ دن لگ سکتے ہیں۔

حلف برداری تقریب میں انڈیا اتحاد کے لیڈران کی شمولیت سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’انڈیا اتحاد کے لیڈر فاروق عبداللہ ہیں اور وہی دعوت نامہ بھیجیں گے۔ جنھیں مجھے مدعو کرنا ہوگا، میں کل انھیں دعوت دوں گا۔‘‘


Share: